ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : نقلی آئی ڈی سے سوشیل میڈیا پر منکال وئیدیا کے خلاف اینٹی پروپگنڈہ - دو افراد کے خلاف شکایت درج

بھٹکل : نقلی آئی ڈی سے سوشیل میڈیا پر منکال وئیدیا کے خلاف اینٹی پروپگنڈہ - دو افراد کے خلاف شکایت درج

Sat, 08 Apr 2023 23:55:58    S.O. News Service

بھٹکل 8 / اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل - ہوناور حلقہ کے سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا کے خلاف نقلی آئی ڈی کے ذریعے فیس بک پر اینٹی پروپگنڈہ چلانے والے دو افراد کے خلاف پولیس کے پاس شکایت درج کروائی گئی ہے ۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق جن دو لوگوں کے خلاف شکایت درج ہوئی ہے ان کی شناخت شیرالی گومن ہکّل کے چندرو اور مرڈیشور جنتا کالونی کے ناگ راج نارائن پٹگار بتائے گئے ہیں ۔ یہ دونوں  'کاویری نیوز' کے نام سے اکاونٹ کھول کر اس میں منکال اور ان کے اہل خانہ کے خلاف ہتک آمیز پیغامات پوسٹ کر رہے تھے ۔ 

معلوم ہوا ہے کہ ہوناور ہڈین بیل کے رہنے والے رمیش منجوناتھ نائک نے ہوناور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملزمین نے کسی پھانسی کا پھندا لگائی ہوئی خاتون کو فوٹو ایڈٹ کرکے یہ میسیج پوسٹ کیا ہے کہ منکال وئیدیا نے اپنی بیوی کا قتل کرکے اسے پھانسی لگا کر خودکشی کا نام دیا ہے ۔ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ ان ملزمین نے سوشیل میڈیا پر منکال وئیدیا کے خلاف ایسے نازیبا اور ہتک آمیز میسیج پوسٹ کیے تھے اور منکال کو بدنام کرنے کی کوشش کی تھی ۔ اب آنے والے اسمبلی انتخابات کے پس منظر میں بھی منکال کے لئے انتخابی جیت کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے مقصد سے انہوں نے ایسی حرکتیں شروع کی ہیں ۔ اس لئے پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ ملزمین کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جائے ۔ پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ 


Share: